شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ

سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت تک محدود کیے جانے کا امکان


لاہور (نیوزڈیسک) ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت تک محدود کرکے اگلے برس آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پی سی بی حکام نے ایک سیریز سے دوسری سیریز تک کپتان کی تقرری کے بجائے لمبے عرصے کے لیے کپتان کا انتخاب کرنے کا فیصلہ کر

لیا ہے۔سرفراز احمد کے مستقبل کے حوالے سے ابھی تک مختلف تجاویز زیرِ غورہیں جن میں انہیں صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت تک محدود کرکے اگلے برس آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ہے۔ ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کے لیے کسی اور کھلاڑی کو بطور کپتان چار سال تک لے لیے منتخب کیے جانے کا امکان ہے اوراس کپتان کی تقرری بھی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام چارسال بعد بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کو سامنے رکھ کر کپتان سمیت تمام ٹیم انتظامیہ کی تقرری چاہتے ہیں۔ نئے ڈھانچہ میں طویل المدت کپتان کے نام کے اعلان سمیت تمام کوچنگ سٹاف کو بھی ذمہ داریاں اسی منصوبے کے ذریعے سونپے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ قومی ٹیم کے تمام کوچنگ اسٹاف کا معاہدہ ورلڈکپ تک کا تھا، اب نئے سرے سے تقرریاں کی جائیں گی جس کے لیے ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ، بیٹنگ کوچ اور دوسرے عہدوں کے لیے اگلے چند روز میں اشتہار جاری کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہارکرنے والے مکی آرتھر کو بھی ازسرنو اپلائی کرنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے

قوانین کے مطابق ایک لاکھ روپے سے زیادہ تنخواہ پانے والوں کے تقرر سے پہلے اشتہار دینا لازمی ہے جس کے بعد انٹرویو ز کے ذریعے تقرر کیا جاتا ہے۔ماضی میں اس طریقہ کار کی مکمل پاسداری نہیں کی گئی تاہم موجودہ انتظامیہ نے اس بار تمام تقرریاں اسی قانون پر عمل کرتے ہوئے کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ہیڈکوچ اور دوسرے کوچنگ سٹاف کو چارسالہ کنٹریکٹ آفر کرتے وقت مختلف ٹارگٹ دیئے جائیں گے، غیرتسلی بخش کارکردگی کی صورت میں بورڈ کو کنٹریکٹ ختم کرکے فارغ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس 4 سالہ معاہدہ دینے کا مقصد ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کے ساتھ کوچنگ اسٹاف کو جاب کی سیکیورٹی کے ساتھ مکمل اعتماد دینا ہے تاکہ ہر آفیشل یکسوئی کے ساتھ ذمہ داریاں نبھا کر ٹیم کی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانے میں اپنا کردار ادا کرسکے۔





اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں
تازہ ترین خبریں

دلچسپ و عجیب

بزنس