شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ

عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دینے کیلئے حکومت کا اہم ترین ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ


لاہور : صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے فنانس بل میں ترمیم کر کے ٹرانسپورٹ بسوں پر مجوزہ ٹیکس ختم کر کے عوام کو ڈیڑھ ارب روپے کا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ بات انہوں نے پنجاب اسمبلی میں کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ ریونیو کے حصول میں پنجاب پورے ملک میں لیڈنگ فرام دی فرنٹ کا رول ادا کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسیع تر کر کے ملک کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے اسمبلی سے دوری برداشت نہیں ہو رہی‘ جس اسمبلی پر انہیں اعتماد نہیں رہا ان کا بھائی اور بیٹا اسی اسمبلی کے ارکان ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا سمیت پوری اپوزیشن کنفیوز ہے اور اے پی سی اپنے انعقاد سے پہلے ہی ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی کوئی تجویز مفادعامہ کے لئے بہتر ہوئی تو ہم ان سے ضرور گفتگو کریں گے‘ لیکن اپوزیشن کو ادراک ہونا چاہیے کہ ڈھیل کا لفظ وزیراعظم عمران خان کی لغت میں نہیں۔ اپوزیشن ہمیں کسی صورت بلیک میل نہیں کر سکتی۔
اپوزیشن کا ایجنڈا محض تنقید برائے تنقید اور سیاست برائے سیاست ہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کی الف لیلیٰ کی داستان کوئی چار سال کا بچہ بھی سمجھ سکتا ہے۔ یہ جمہوریت کی نہیں بلکہ پارٹی میں جانشینی کے تخت کی جنگ ہے۔ مریم نواز نے پچھلے دو ہفتوں کے دوران پارٹی میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی خاموشی اور مریم نواز کی شعلہ بیانی کو سمجھنا مشکل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ہر جائز بات مانیں گے لیکن ان کو آئینہ دکھاتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ عناصر قطر کے سربراہ کے دورہ پاکستان کی اہمیت کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان عناصر کو ادراک ہونا چاہیے کہ قطری سربراہ کسی قسم کے قطری خط کے لئے نہیں آئے تھے بلکہ ہمارے برادر ملک کی طرف سے پاکستان میں 3ارب ڈالر کی امداد اور سرمایہ کاری کی نوید سنائی گئی ہے۔
قطر سے دوطرفہ سرمایہ کاری 9ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیرممالک میں مقیم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں اور فیصلوں پر مطمئن ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت نے ڈالر کو مصنوعی طور پر سہارا دے رکھا تھا۔ تاہم اب ڈالر مارکیٹ بیسڈ ہو گیا ہے جس سے ہماری معیشت میں حقیقی استحکام آئے گا۔





اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں
تازہ ترین خبریں

دلچسپ و عجیب

بزنس