شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ

تحریک انصاف نے 100دن کے ایجنڈے پر کام شروع کردیا،نامزدسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے قوم کو خوشخبری سنا دی


اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و نامزد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے 100 دن کے ایجنڈے پر کام شروع کر دیا ہوا ہے انشااللہ بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملیں گی،بطور سپیکر قومی اسمبلی میرٹ کے مطابق اسمبلی کو چلانے کی کوشش کروں گا اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کی طرح مرکز

میں بھی اپوزیشن کو بھرپور اعتماد دوں گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس مالک نے مجھے اس قابل سمجھا اور مجھے اس مقام پر لا کھڑا کیا، یہ سب اللہ تعالیٰ کا مجھ پر خصوصی کرم اور اس کی مہربانی ہے، میں نے 1996ء میں پی ٹی آئی جوائن کی،مسلسل 22 سال عمران خان کے ساتھ جدوجہد میں شریک رہا،کبھی پیچھے نہیں ہٹا کیونکہ میں عمران خان کو بہت قریب سے جانتا ہوں ،ان کے ساتھ ان کے وژن اور ملک و قوم کے ساتھ ان کے عزم کی وجہ سے کھڑا ہوں، عمران خان ایک بااصول اور بہادر لیڈر ہیں جو ہمیشہ دلیرانہ فیصلے کرتے ہیں اور ان کی انہی خصوصیات کی وجہ سے لوگ انہیں پسند بھی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں 9 سال تک مسلسل پی ٹی آئی کا صوبائی صدر بھی رہا جس دوران بہت سے اتار چڑھائو بھی آتے رہے اور مختلف لوگوں اور جماعتوں کی جانب سے سیٹوں اور وزارتوں کی آفرز بھی آئیں لیکن ہم ڈگمگائے نہیں بلکہ اپنی جماعت کے سربراہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے کیونکہ میں نے سوچا کہ

میں صرف اقتدار کے لیے عمران خان کو چھوڑوں،ایسا نہیں ہو سکتا کیونکہ میں عمران خان کے ساتھ ایک مقصد کے لیے کھڑا رہا اور وہ مقصد ملک و قوم کی خدمت ہے جسے ہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عمران خان پر پورا یقین ہے کہ وہ ہر کام ملک و قوم کی بہتری کے لیے کریں گے اور نئے پاکستان کے حوالے سے عوامی امنگوں پر پورا اتریں گے اور قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان سے متعلق وژن کو آگے لیکر چلیں گے اور وہ نیا پاکستان بنائیں گے جس میں سب کے لیے تعلیم،، علاج اور روزگار کے مواقع برابر ہوں، وہ پاکستان جس میں کسی کی حق تلفی نہ ہو، جہاں میرٹ کا نظام ہو اور قانون کی حکمرانی ہو تاکہ ملک آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم ہر وہ کام کریں گے اور ہر وہ پالیسی اختیار کریں گے جس سے پاکستانی قوم ایک باوقار قوم بن سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم قومی ایجنڈے پر کام کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے تمام اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بطور سپیکر قومی اسمبلی میرٹ کے مطابق اسمبلی کو چلانے کی کوشش کروں گا اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کی طرح مرکز میں بھی اپوزیشن کو بھرپور اعتماد دوں گا، انہیں مشاورت میں رکھوں گا اور کوشش کروں گا کہ اسمبلی کا بنیادی کام قوم کی آواز اور قوم کی نمائندگی کرنا ہے اسے پورا کیا جائے تاکہ سب کو اس کا حق ملے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے 100 دن کے ایجنڈے پر کام شروع کر دیا ہوا ہے انشااللہ بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملیں گی۔





اس وقت سب سے زیادہ مقبول خبریں
تازہ ترین خبریں

دلچسپ و عجیب

بزنس